کیلاش کے دلکش تہذیبی رنگوں سے سجی وادی چترال کا ایک اور خوبصورت رخ۔۔۔ جہاں کل تک مردوں کے زیرِ اثر ماحول میں خواتین گھر سے باہر نہیں نکل سکتی تھیں آج بزنس وومین بن گئی ہیں ۔چترال میں قائم ایک مقامی کاروباری ادارے نے خواتین میں گپ شپ کے نام سے کشیدہ کاری کا مقابلہ رکھا۔مقابلے میں بیس کے لگ بھگ خواتین نے شرکت کی ۔ ان خواتین میں غریب اور متوسط گھرانوں کی کشیدہ کاری میں ماہر گھریلو خواتین کے ساتھ ساتھ تعلیم یافتہ لڑکیوں نے بھی حصہ لیا۔
یہ مقابلہ گپ شپ کے عنوان سے ایک آسٹریلین خاتون کیتھی کی نگرانی میں منعقد کیا گیا۔ خواتین سے کہا گیا کہ وہ اپنی روزمرہ زندگی میں پیش آنے والے حالات، واقعات یا مشاہدات کو کشیدہ کاری کے ذریعے بیان کریں۔ مختلف خواتین نے مختلف موضوعات پر کشیدہ کاری کے اعلیٰ نمونے تخلیق کر ڈالے ۔ ان خوبصورت پارچہ جات کی مقامی ادارے کے تعاون سے لاہور ،کراچی، اسلام آباد اور پھر دبئی میں نمائش کی گئی۔ ان کی فروخت سے ایک بڑی رقم حاصل ہوئی جس میں سے ایک بڑا حصہ ان خواتین کو ملا۔یہاں سے ان کی معاشی آزادی کے نئے سفر کا آغاز ہوا اور انہوں نے چترال کی تمام خواتین کی ایک اہم ضرورت کو پورا کرنے کے لئے حجاب شاپنگ آرکیڈ کے نام سے خواتین اور بچوں کے لئے اپنا شاپنگ سینٹر بنا ڈالا۔
حلیمہ اسرار اور اس کی ایک دوست نے تین تین لاکھ ملاکر اپنا ایک بوتیک کھول لیا۔ اپر چترال کی یاسمین حسین نے ایک لاکھ روپے سے کاسمیٹکس اور خواتین کی ضرورت کی دیگر اشیاء پر مشتمل ایک بیوٹی سیلون کھول لیا ہے۔ حسینہ خاتون نے بتایا کہ اس نے نسوار اور دی دی کے عنوان سے دوڈیزائن بنائے تھے جس سے اسے دولاکھ روپے ملے۔ اس نے اپنی ایک دوست کے ساتھ پارٹنر شپ میں خواتین اور بچوں کے لئے ٹک شاپ اورجوتوں کی دکان بنا لی۔ چترال ٹاؤن کی تہمینہ پروین جس کا والد ایک ڈرائیور ہے اس نے اپنے ایمبرائیڈری کے کام سے ایک لاکھ ساٹھ ہزار روپے کما لئیے اور اسی ہزار روپے سے بچوں کے گارمنٹس کی ایک شاپ بنالی ہے۔
ان تمام خواتین کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ وہ اپنے گھر والوں کو اب سپورٹ کر رہی ہیں اور ساتھ ساتھ اپنی کمیونیٹی خاص طور پر خواتین کی خدمت کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چترال میں خواتین بازاروں میں بہت کم جاتی ہیں۔ ہم نے خواتین اور بچوں کے استعمال کی چیزیں ایک ہی چھت کے نیچے فراہم کر دی ہیں جہاں خواتین دکاندار بھی ہیں اور خریدار بھی۔
مشکل حالات کے باوجود چترال کی ان باہمت خواتین نے جس طرح اپنی مثبت سوچ کی بدولت آگے بڑھنے کا راستہ نکالا ہے ، یہ پورے پاکستان کی خواتین کے لئے ایک مثال ہے۔






Nice like it ………….
Khuda app logoon ko himat dai aur app esi tarhan taraki karoo
Excellent work. May Allah bless them even more
very nice
hum abhi bhi zinda hain